حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مقیم ہندوستان کے فعال اور ممتاز مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی زیدی کو اس وقت گہرے رنج و غم کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی خوش دامن (ساس) کا انتقال ہوگیا۔ اس افسوسناک خبر کے پھیلتے ہی علمی و دینی حلقوں میں غم کی فضا چھا گئی اور مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماں کی جدائی یقیناً اہلِ خانہ کے لیے ایک بڑی آزمائش ہوتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عنایت کرے۔
اسی طرح نمائندے ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی نے بھی اپنے پیغام میں مولانا سید عرفان مہدی زیدی سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و اجر کی دعا کی۔
مزید برآں سربراہ جامعۃ المصطفی العالمیہ ڈاکٹر عباسی نے بھی اس غم ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مولانا سید عرفان مہدی زیدی کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی رحمتِ واسعہ میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عنایت کرے۔
اسی طرح حجۃ الاسلام والمسلمین علی زادہ مشاور عالی مدیر و مسئول حوزہ مدیریت نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں اس سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سید عرفان مہدی زیدی سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ اس وقت مولانا سید عرفان مہدی زیدی مع خانوادہ ایران میں مقیم ہیں، اور موجودہ حالات اور جنگ کی صورتحال کے باعث وہ ہندوستان نہیں جا سکے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں علماء و طلاب نے ان کی رہائش گاہ پر جا کر تعزیت پیش کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
دیگر دینی و مذہبی شخصیات نے بھی اپنے اپنے پیغامات میں اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا اور مولانا سید عرفان مہدی زیدی کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر و استقامت کی تلقین کی۔
آخر میں ہم بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ تمام مومنین سے گزارش ہے کہ مرحومہ خدیجہ الکبریٰ بنت سید شبیر حسین رضوی کے ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی تلاوت فرمائیں۔









آپ کا تبصرہ